ڈالیان(آئی این پی )چین کے عوامی سپاہ آزادی کے روزنامہ پی ایل اے ڈیلی کی اطلاع کے مطابق چینی بحریہ نے شمالی مشرقی چین کے صوبہ لایو ننگ میں لایوشن کی فوجی بندرگاہ میں گزشتہ روز نئے تربیتی جہاز کوشامل کیا ۔ ہل نمبر83والا چی جی گوانگ بحری تربیتی جہاز163میٹرلمبا اور22میٹر چوڑا ہے ۔ اس کے وزن لے جانے کی گنجائش 9ہزار ٹن اور زیادہ سے زیادہ رفتار 22ناٹس ہے ۔ اس طرح یہ چینی بحریہ میں سب سے بڑا اور انتہائی جدید تربیتی جہاز بن گیا ہے ۔ یہ جہاز چین میں ڈیزائن اور تعمیر کیا گیا ہے ۔
اس میں ساحل سمندر سے پار پانیوں اور کھلے سمندروں میں تربیت کیلئے 400سے زیادہ بحری کیڈٹوں یا افسران کو کھپایا جا سکتا ہے ۔ اسے غیر ملکی تبادلوں ،ناگہانی آفت میں امدادی کاروائیوں اور دیگر غیر فوجی کاروئیوں کیلئے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے ۔ چی جی گوانگ منگ دور عہد(1368-1644) میں قدیم چینی ہیروتھا جو 16ویں صدی میں جاپانی قزاقوں کے حملوں سے چین کے مشرقی ساحلی علاقوں کا دفاع کرنے کیلئے منگ فورسز کی قیادت کرنے کی وجہ سے مشہور تھا۔