انقرہ(مانیٹرنگ ڈیسک) ترکی کے دارالحکومت انقرہ کے میئر میلِش کوکچیک نے کہاہے کہ ترکی کومعاشی طور پرتباہ کرنے کےلئے کچھ غیرملکی قوتیں جدید ٹیکنالوجی استعمال کرکے مصنوعی زلزلہ لانے کی کوشش کر سکتی ہیں۔میلِش کوکچیک نے اپنایہ دعوی کرنے کے بعد ترک حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ ان زلزلوں کوروکنے کےلئے ایسی تمام آبدوزوں اور بحری جہازوں کو قبضے میں لے لیا جائے جن پر بڑے بڑے آلات نصب ہیں۔
انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹوئیٹرپراپنے پیغام میں کہاکہ کئی طاقتوں کے پاس ایسے خطرناک اورجدید آلات موجود ہیں جو زلزلہ بھی لاسکتے ہیں ۔ایک جرمن خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق میلِش کوکچیک نے دعوی کیاہے منگل کے روزترکی کے مغربی صوبے میں آنے والے زلزلے میں ایسی طاقتیں کارفرماہوسکتی ہیں کیونکہ جب یہ زلزلہ آیا توساتھ ہی سمندرمیں ایک بڑابحری جہازبھی زلزلے کے بارے میں تحقیق کررہاتھا۔انہوں نے اپنے دعوے میں لکھاکہ اس معاملے کی بھی تحقیقات کی جائیں کہ یہ بحری جہازکس ملک کااوروہاں کیاکررہاتھا؟انہوں نے کہاکہ اس معاملے کی تحقیقات کرنابہت ضروری ہیں تاکہ ترکی کوکسی بڑے نقصان سے بچایاجاسکے ۔