انقرہ (آئی این پی) ترک وزیر اعظم بن علی یلدرم نے کہا ہے کہ ایک ہی دن دو بیلٹ بکس لگائے جائیں گے ایک میں صدر کے انتخاب کے لئے ا ور دوسرے میں اسمبلی حکام اور اسمبلی ممبران کے انتخاب کے لئے ووٹ ڈالے جائیں گے، اس طرح 5 سال تک ملک میں انتخابات کی بات نہیں ہو گی بلکہ اس عرصے میں کام کیا جائے گا، آئینی تبدیلی کے ساتھ بیوروکریسی میں تیزی آئے گی اور دفتری خدمات میں آسانی پیدا ہو گی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ترک وزیر اعظم یلدرم نے ٹیلی کانفرنس سسٹم کے ذریعے سقاریہ میں جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی کے ضلعی مشاورتی اسمبلی اجلاس میں شرکت کی اور اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سال 2007 میں ، صدر کے براہ راست عوام کی طرف سے انتخاب سے متعلق، جو تبدیلی کی گئی تھی مذکورہ آئینی تبدیلی اس سے ہم آہنگ شکل میں کی جانے والی تبدیلی ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ اس چیز کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنا اور حکومت کی تبدیلی کو ترکی کے لئے حیاتی اہمیت کے مسئلے کے طور پیش کرنے کی کوشش کرنا عوامی مینڈیٹ اور عوام کے فیصلے کی توہین ہے۔صدارتی نظام کے اسمبلی اور صدر کے بیک وقت انتخاب پر مبنی ہونے کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم یلدرم نے کہا کہ ایک ہی دن دو بیلٹ بکس لگائے جائیں گے ایک میں صدر کے انتخاب کے لئے ا ور دوسرے میں اسمبلی حکام اور اسمبلی ممبران کے انتخاب کے لئے ووٹ ڈالے جائیں گے۔اس طرح 5 سال کے عرصے تک ملک میں انتخابات کی بات نہیں ہو گی بلکہ اس عرصے میں کام کیا جائے گا اور عوام کو خدمات فراہم کی جائیں گی۔ اسمبلی حکومت کی ضرورت کے مطابق اصلاحات کرے گی اور عوام کی ضرورت کے تحت قوانین بنائے گی۔آئینی تبدیلی سے صدارتی اختیارات میں تبدیلی نہ ہونے پر زور دیتے ہوئے وزیر اعظم بن علی یلدرم نے کہا کہ جو تبدیل ہو رہا ہے وہ یہ کہ عوام براہ راست بیلٹ بکس پر صدر کا انتخاب کریں گے۔ یعنی پہلے اسمبلی کا انتخاب کرنے اور اس کے بعد اسمبلی کی طرف سے صدر کا انتخاب کئے جانے کی بجائے عوام بیلٹ بکس پر ہی 5 سالہ عرصے کے لئے براہ راست حکومت کا انتخاب کرے گی۔