بیجنگ(آ ئی این پی )چین نے امریکہ کو خبردار کیا ہے کہ وہ تیاو جزائر کے حوالے سے نا مناسب بیانات سے باز رہے، معاملے کو مزید پیچیدہ بنانے سے علاقائی صورتحال عدم استحکام کا شکار ہو سکتی ہے، جاپان اور امریکہ کے درمیان طے پانے والا دفاعی معاہدہ سر دجنگ کی پیداوار ہے ،چین کی جغرافیائی سالمیت اور قانونی حقوق متاثر نہیں ہو سکتے۔ چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کے مطابق چینی
وزارت خارجہ کے ترجمان لوکھانگ نے تیاو جزائر کے حوالے سے امریکہ پر زور دیا ہے کہ وہ نا مناسب بیانات سے باز رہے۔ انہوں نے امریکی وزیر دفاع جیمس میٹس کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تیاو جزائر اور اس سے ملحقہ چھوٹے حصے قدیم وقت سے ہی چین کی جغرافیائی حدود میں آ تے ہیں جو کہ تاریخ کی ایک نا قابل تبدیل سچائی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ جاپان اور امریکہ کے درمیان طے پانے والا نام نہاد دفاعی معاہدہ سر دجنگ کی پیداوار ہے جس سے چین کی جغرافیائی سالمیت اور قانونی حقوق متاثر نہیں ہو سکتے ہیں۔ ترجمان نے امریکہ پر زور دیا کہ وہ اس حوالے سے زمہ دارانہ رویہ اپنائے اور تیاو جزائر کی سالمیت سے متعلقہ امور کے حوالے سے نا مناسب بیانات سے باز رہے اور اس معاملے کو مزید پیچیدہ بنانے سے گریز کر ے کیو نکہ اس سے علاقائی صورتحال عدم استحکام کا شکار ہو سکتی ہے۔ یاد رہے امریکی وزیر دفاع جیمس میٹس نے کہا تھا کہ امریکہ اور جاپان کے درمیان طے شدہ باہمی دفاعی معاہدہ مذکورہ جزائر پر بھی لاگو ہوتا ہے۔