ٹورنٹو (مانیٹرنگ ڈیسک) غیر ملکی میڈیا کے مطابق کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے اہم اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا ملک جنگ، دہشتگردی، تشدد اور ظلم و زیادتی کا شکار پناہ گزینوں کو خوش آمدید کہے گا۔ ٹروڈیو نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ ’’ اگر آپ کسی ظلم و ستم کا شکار ہیں یا دہشتگردی اور جنگ کی وجہ سے اپنے ملک چھوڑنے پر مجبورہيں تو کینیڈا آپ کے مذہب کی تفریق کئے
بغیر آپ کو خوش آمدید کہے گا۔ثقافتی تنوع ہماری طاقت ہے‘‘۔واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 7 مسلمان ممالک پر ویزہ پابندی عائد کر دی ہے جس سے دنیا بھر میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ اگرچہ اس فیصلے کو ایک امریکی عدالت نے معطل کر دیا ہے تاہم خبریں کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے اس فیصلے پر عملدرآمد شروع ہو چکا ہے جس کے بعد ان مسلم اکثریتی ممالک کے پناہ گزینوں کا امریکا میں آئندہ چار ماہ تک داخلہ بند رہے گا۔ اس حکم کے تحت امریکہ آنے والے تارکین وطن کی تعداد محدود کی جائے گی اور ان کی سختی سے جانچ پڑتال کی جائے گی۔