نئی دہلی (آئی این پی)بھارت نے پاکستان کے ساتھ سندھ طاس معاہدے (انڈس واٹر ٹریٹی) کے تمام تزویراتی پہلوؤں پر غور کرنے کیلئے ایک بین الوزراتی ٹاسک فورس قائم کردی ۔ہفتہ کو بھارتی میڈیا کے مطابق حکومت نے پاکستان کے ساتھ سندھ طاس معاہدے (انڈس واٹر ٹریٹی) کے تمام تزویراتی پہلوؤں پر غور کرنے کیلئے وزیراعظم نریندر مودی کے پرنسپل سیکرٹری نریپندر مشرا کی سربراہی میں ایک بین الوزراتی ٹاسک فورس قائم کردی ہے ۔
اس سلسلے میں ایک باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے ۔ایک اعلی سرکاری عہدیدار کا کہنا ہے کہ کمیٹی کے دیگر ارکان میں قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول ،خارجہ سیکرٹری ایس جے شنکر اور ،خزانہ ،ماحولیات،بجلی وپانی کے وسائل کی وزارتوں کے سیکرٹریزشامل ہیں۔ٹاسک فورس کو تما م اہم اسٹریٹجک اور پالیسی فیصلے لینے کا مینڈیٹ حاصل ہے ۔یہ ایک طاقتور باڈی ہے جو معاہدے سے متعلق کوئی بھی فیصلہ لے سکے گی ۔سندھ طا س معاہدے سے متعلق کمیٹی وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے اڑی حملے کے بعد پاکستان کے ساتھ 56سال پرانے پانی کی تقسیم کے معاہدے پر ایک جائزہ اجلاس منعقد کرانے کے بعد قائم کی گئی ہے ۔