بیجنگ(مانیٹرنگ ڈیسک) چین نے ایک مرتبہ پھر کہاہے کہ مسئلہ کشمیر کا حل مذاکرات میں ہے، دونوں ممالک کے تعلقات معمول پر لانے کیلیے کوششیں کرتے رہیں گے ،میڈیارپورٹس کے مطابق چینی حکام نے کہاکہ دہشت گردی کی وجہ سے پاکستانیوں کو چینی ویزوں کے حصول میں مشکلات پیش آئیں لیکن اس کیلیے ہنگامی اقدامات کررہے ہیں اور جلد اس مسئلے کو حل کرلیں گے۔انھوں نے کہا چین اور پاکستان کے لیے سب سے ضروری بات یہ ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان براہ راست روابط بہتر سے بہتر بنائے جائیں، اب تک صرف سیاسی اور سرکاری سطح پر رابطوں میں بہتری آئی ہے۔ انھوں نے کہاکہ چین کی نیشنل پبلش آرگنائشن کا وفد پاکستان کا دورہ کررہا ہے جس کے بعد نئے پروگرام شروع کئے جائیں گے جس میں صحافیوں کی ٹریننگ کی جائیگی۔چینی وزارت خارجہ کے ایک سینئر عہدیدارنے کہاکہ پاکستان اور بھارت جنگ کی سوچ کو چھوڑ دیں، بھارت کیلیے بھی بہتر ہے کہ مذاکرات ہوں ورنہ زیادہ خون خرابہ ہوگا، کشمیر کو بنیادی مسائل سے علیحدہ رکھنا مسائل کو کم نہیں کریگا۔