بیجنگ(آئی این پی )چین نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر تاریخی اہمیت کا حامل ہے ، امید ہے کہ پاکستان اور بھارت مسئلے کو مذاکرات اور مشاورت کے ذریعے پر امن طریقے سے حل کریں گے ۔چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گینگ شوانگ نے میڈیا بریفنگ کے دوران پوچھے گئے اس سوال کے جواب میں کہ پاکستان اور بھارت کے میڈیا میں یہ بحث ہو رہی ہے کہ اگر دونوں ممالک کے مابین جنگ ہو جائے تو چین کس کا ساتھ دے گا ، مزید برآں کیا مسئلہ کشمیر پر پاکستانی موقف کی چین حمایت کرے گا ۔ سوال کے جواب میں ترجمان نے جواب دیا کہ مسئلہ کشمیر تاریخی اہمیت کا حامل ہے چین کو امید ہے متعلقہ فریقین مسئلہ مذاکرات اور مشاورت کے ذریعے پر امن طور پر مناسب طریقہ سے حل کریں ۔واضح رہے کہ اقوام متحدہ میں وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات میں چینی وزیراعظم نے بھی کشمیر پر پاکستانی موقف کی حصولی حمایت کا اعادہ کیا تھا اور امید ظاہر کی تھی کہ دنیا کشمیر پر پاکستانی موقف کو سمجھے گی ۔ اسی طرح لاہور میں چینی کونسل جنرل نے گزشتہ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سے ملاقات میں بھی پاکستان کو کشمیر کے معاملہ پر ہر قسم کی حمایت کا یقین دلایا۔