ریاض(این این آئی)سعودی عرب نے نوکریوں سے فارغ ہونے کے بعد واجبات کے منتظرپاکستانی اوربھارتی شہریوں سمیت ہزاروں ایشیائی باشندوں کی مدد کا وعدہ کیا ہے۔پاکستان، بھارت اور فلپائن سے تعلق رکھنے والے ہزاروں کی تعداد افراد سفارتخانوں اور امدادی تنظیموں کی جانب سے دی جانے والی امداد پر گزارا کر رہے ہیں۔سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق حکام نے یہاں پھنسے ہوئے مزدوروں کی مدد کے لیے ہنگامی طور پر رہائش اور ملک چھوڑنے پر پابندیوں میں نرمی لانے کا وعدہ کیا ہے۔جدہ میں بھارتی قونصل جنرل نور رحمان شیخ کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت وطن واپسی میں مدد کی پیشکش کر رہی ہے۔بھارت نے اس معاملے کو سلجھانے کے لیے جونیئر وزیر خارجہ وجے کمار سنگھ کو سعودی عرب بھیجا ہے تاکہ انڈین شہریوں کی وطن واپسی کا بندوبست کیا جا سکے۔حکام کے مطابق تقریباً 7،700 بھارتی مزدور اس وقت سعودی عرب میں نوکریوں سے فارغ ہونے کے بعد پھنسے ہوئے ہیں۔