نئی دہلی/اسلام آباد (آئی این پی)بھارتی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کے دورہ پاکستان کے دوران بھی بھارتی میڈیا پاکستان کے خلاف زہریلا اور بے بنیا دپروپیگنڈہ کرنے سے باز نہ آیا ،بھارتی میڈیا نے مقبوضہ کشمیر کے نہتے مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم سے آنکھیں بند کر لیں اورراجناتھ سنگھ کو پٹھان کوٹ حملے پر بات چیت کے لیے اکساتا رہا،تما م بڑے ٹی وی چینلز پر دفاعی تجزیہ کار پاکستان کے خلاف بے بنیاد الزامات پر مبنی تبصرے کرتے رہے ۔تفصیلات کے مطابق راجناتھ سنگھ کے دورہ پاکستان کے موقع پر بھارتی میڈیا نے کشمیر کے نہتے مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم سے آنکھیں بند کر لیں اور پاکستان کا دورہ کرنے والے وزیر داخلہ کو پٹھان کوٹ حملے پر بات چیت کے لیے اکسانا شروع کر دیا۔ این ڈی ٹی وی، ٹائمز آف انڈیا، زی نیوز سمیت بھارتی جریدے پروپیگنڈا کر تے رہے کہ راج ناتھ سنگھ پاکستان کے ساتھ پٹھان کوٹ کا معاملہ اٹھائیں گے جبکہ اصل صورت حال یہ ہے کہ بھارت سرکار ابھی تک پٹھان کوٹ حملے میں پاکستان کے ملوث ہونے کا کوئی قابل قبول الزام ثابت نہیں کر سکا جبکہ مقبوضہ وادی میں بھارتی فورسز کی جانب سے کشمیریوں پر ننگی جارحیت ، ظلم و ستم ، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور جاسوسی کے الزام میں پاکستان میں پکڑے گئے۔ بھارتی بحریہ کے حاضر سروس افسر اور “را” کے ایجنٹ کلبھوشن یادیو کی سرگرمیوں پر بھارتی میڈیا نے کانوں میں سیسہ ڈال لیا اور آنکھوں پر پٹی باندھ رکھی ہے جبکہ اس کے برعکس لائن آف کنٹرول پر چھیڑ چھاڑ اور پاکستان میں وقتا فوقتا پکڑے جانے والے “را” کے ایجنٹوں کی مجرمانہ سر گرمیوں پر بھارت سے بات کرنے کی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ خطے میں قیام امن کی راہ میں رکاوٹ آتش فشانی مسائل پر بھارتی میڈیا کو سانپ سونگھا ہوا ہے۔ پاکستانی حکام نے بھارت کا دورہ کرنا ہو یا بھارتی حکام کا پاکستان کا دورہ ہو بھارتی میڈیا زہریلا پروپیگنڈہ کرنے سے باز نہیں آتا۔ راج ناتھ سنگھ کا اسلام آباد کا یہ دورہ ایک ایسے وقت پر ہو رہا ہے جب مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے مظالم جاری ہے جن میں درجنوں نہتے کشمیری شہید اور ہزاروں زخمی ہو چکے ہیں۔دوسری جانب بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کی پاکستان آمد کیخلاف اور کشمیریوں سے اظہاری یکجہتی کیلئے ملک کے مختلف شہروں میں ریلیاں نکالی گئیں اور مظاہرے کئے گئے جس میں بڑی تعداد میں مذہبی جماعتوں کے کارکنوں اور سول سوسائٹی کے لوگوں نے شرکت کی۔ ریلیوں کے شرکا نعرے لگا رہے تھے کہ بھارتی وزیر داخلہ معصوم کشمیریوں کے قاتل ہیں ان کو واپس بھیجا جائے۔