اسلام آباد (آئی این پی )اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین ( یو این ایچ سی آر ) نے تمام رجسٹرڈ شدہ افغان مہاجرین کے لئے اعلان کیا ہے کہ جن مہاجرین کے پاس 30جون 2016ء تک پی او آر کارڈ (مہاجر کارڈ ) موجود ہیں اور وہ اپنی مرضی سے افغانستان جانے کا ارادہ رکھتے ہیں ان سب خاندانوں کے ہر رجسٹرڈ شدہ فرد کو 350ڈالر کا اضافی عطیہ دیا جائے گا۔ اتوار کے روز یو ا ین ایچ سی آر کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ عطیات افغانستان میں نقد عطیات کے مراکز سے حاصل کئے جا سکتے ہیں ۔ اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہے کہ اگر کسی خاندان کے چھ افراد بطورمہاجر رجسٹرڈ ہیں تو انہیں مجموعی طورپر 2100ڈالر فراہم کئے جائینگے ، عطیاتی معاوضے میں اضافہ مستقل ہے اور یہ قابل قبول مہاجر کارڈ رکھنے والے تمام افغانوں کیلئے ہے۔علاوہ ازیں30 سے 70ڈالر کے سفری عطیات کی فراہمی جاری رکھی جائیگی اور اس رقم کا انحصار منزل کی دوری پر ہو گا ، رضا کارانہ واپسی کے حوالے سے امداد کا پروگرام پشاور اور کوئٹہ میں دو رضا کارانہ واپسی کے مراکز سے پورا سال جاری رہتا ہے ۔