اسلام آباد(آن لائن) امریکا کی آرمڈ سروسز کمیٹی کے چیئرمین سینٹر جان مکین نے افغانستان کے حالات کا ذمہ دار امریکا کی ناکام پالیسیوں اور صدر باراک اوباما کو قرار دیدیا، سینٹر جان مکین نے کہا ہے کہ افغانستان کے حالات کے ذمہ دار پاکستان یا اشرف غنی کو نہیں ٹھہرایا جاسکتا، افغانستان کے حالات کی ذمہ دار ناکام امریکی پالیسیاں اور امریکی صدر باراک اوباما ہیں، سابق صدر آصف علی زرداری سے ان کی خواہش پر ملاقات ہوئی، افٖغانستان میں داعش کے منظر عام پر آنے کے بعد پاک امریکا تعلقات زیادہ حساس ہیں، نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکا کے پاکستان سے تعلقات بنیادی طور پر اہم ہیں، پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں پہلے سے بہتری آئی ہے، امریکا کے متعدد ممالک کے ساتھ مسائل ہیں اسے حل کرنے کی ضرورت ہے،انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان اچھے تعلقات سب کے مفاد میں ہیں، افغانستان میں امریکی فوج کی مستقل موجودگی مددگار ثابت ہوگی، انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات نہیں ہوئی لیکن ان کی صحت کیلئے دعاگو ہوں، آرمی چیف جنرل راحیل شریف اورچیئرمین سینیٹ رضا ربانی سے ملاقات کروں گا۔