کابل(مانیٹرنگ ڈیسک)افغانستان کے دارالحکومت کابل میں پولیس کیڈٹس کی بس پر خودکش حملے میں 40اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ،طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ۔جمعرات کو افغان میڈیاکے مطابق دارالحکومت کابل کے قریب واقع ضلع پغمان کے گورنر حاجی محمد موسی نے بتایا ہے کہ ایک خودکش حملہ آور نے پولیس کے قافلے کو نشانہ بنایا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملے میں 40 کے قریب پولیس کیڈٹس ہلاک ہوئے ہیں جبکہ متعدد زخمی ہوئے ہیں۔ ایک پولیس نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ کابل کے مغربی علاقے میں پولیس کے کیڈٹس کو لے جانے والی گاڑیوں کے قافلے پر دو بم حملے کیے گئے۔دوسر ی جانب طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے ۔خیال رہے کہ ایک ہفتہ قبل کابل میں نیپال سے تعلق رکھنے والے سکیورٹی اہلکاروں کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ اس حملے میں 10 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ یہ سکیورٹی اہلکار کابل میں کینیڈین سفارتخانے کے لیے کام کر رہے تھے۔