سرینگر/نئی دہلی (آئی این پی )بھارتی ہندوانتہا پسند حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے پام پورہ حملے کے بعد پاکستان کے خلاف فضائی کاروائی کا مطالبہ کردیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق جموں وکشمیر اسمبلی میں محبوبہ مفتی کی حکومت کے خلاف پام پورہ میں سی آر پی ایف کی بس پر حملے کے بعد سخت احتجاج کیا گیا اور تیز وتند سوالات کیے گئے ۔بی جے پی کے رویندر رینا نے بڑھک مارتے ہوئے کہاکہ پام پورہ حملے کے بعد پاکستان میں قائم دہشتگردوں کے کیمپوں کے خلاف سخت کاروائی ہونی چاہیے ،پاکستان کو ایساسبق سکھایا جائے کہ وہ دوبارہ ایسے حملے کی جرات نہ کرے ۔اپوزیشن جماعت نیشنل کانفرنس نے حکمران پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی ) سے سوال کہا کہ وہ واضح کرے کہ کیا وہ پاکستان کے ساتھ جنگ چاہتی ہے ؟۔پارٹی کے دیوندر رانا کا کہنا تھاکہ بی جے پی کا پاکستان میں بمباری کا مطالبہ سرحدوں پر رہنے والے لوگوں کو مارنا ہے اوریہ انکی زندگی کیلئے خطرہ ہے ۔حکومت واضح کرے کہ وہ پاکستان کے ساتھ امن چاہتی ہے یا جنگ؟۔خیال رہے کہ ہفتہ کے روز پام پورہ میں مجاہدین کے سی آر پی ایف کی بس پرحملے میں 8بھارتی فوجی ہلاک ا ور 22زخمی ہوگئے تھے ۔