نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک) برطانوی ریفرنڈم میں یورپی یوین سے انخلاء کے فیصلہ کے نتیجہ میں برطانوی کرنسی پاؤنڈ کی قدر میں کمی سے برطانیہ میں مقیم بھارتی شہریوں کی آمدنی میں 10فیصد سے زیادہ کمی ہو گئی ہے۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق یورپی یونین سے انخلا کے فیصلے سے قبل ایک برطانوی پاؤنڈ ایک سو بھارتی روپے کے برابر تھا جو اب کم ہو کر 89.76روپے کے برابر رہ گیاہے۔ اس کے نتیجہ میں برطانیہ میں ایک لاکھ روپے ماہانہ آمدنی والے بھارتی شہری کی آمدنی اب 80ہزار روپے سے بھی کم ہو گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس صورتحال کا سامنا کرنے والے بھارتی شہریوں کی تعداد لاکھوں میں ہے ۔ایک اندازے کے مطابق 800بھارتی کمپنیوں کے برطانیہ میں ملازمین کی تعداد ایک لاکھ 10ہزار ہے ۔ اقتصادی ماہرین کا کہناہے کہ یہ صورتحال کم از کم چھ ماہ تک جاری رہ سکتی ہے اور بھارتی کمپنیوں نے اس سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی پر غور شروع کردیاہے۔