لندن (این این آئی)لندن کو آزاد ریاست قراردیکر یورپی یونین میں شامل کرنے کی انوکھی تجویز سامنے آئی ہے ،میڈیارپورٹس کے مطابق ریفرنڈم میں یورپی یونین کے حق میں ووٹ دینے والے برطانوی دارالحکومت لندن کے شہریوں نے سوشل میڈیا پر ایک انوکھی تحریک شروع کی ہے، جس میں کہا جا رہا ہے کہ لندن برطانیہ سے الگ ہو کر یورپی یونین کے ساتھ مل جائے۔ریفرنڈم کے نتائج پر برطانوی عوام کے ایک کثیر تعداد کی طرح لندن کے باسی بھی حیران اور پریشان ہیں۔ سوشل میڈیا پر لندن کے اعلانِ آزادی کی تحریک بھی ان نتائج پر غم و غصے کی عکاسی کر رہی ہے اور ایک طرح کا علامتی احتجاج ہے۔ایک لاکھ تیس ہزار سے زیادہ افراد نے لندن شہر کے میئر صادق خان کے نام اْس درخواست پر دستخط کیے ہیں، جس میں کہا گیا ہے کہ وہ ’لندن کی برطانیہ سے آزادی کا اعلان کر دیں اور یورپی یونین میں شامل ہونے کی درخواست دے دیں‘۔ مزید کہا گیا ہے کہ ’لندن ایک بین الاقوامی شہر ہے اور ہم یورپ کے دل میں رہنا چاہتے ہیں۔اس تحریک کا آغاز 29 سالہ فری لانس مصنف جیمز او مَیلی نے کیا، جس کا خیال تھا کہ شاید چند سو افراد ہی اس پٹیشن پر دستخط کریں گے۔ جیمز او مَیلی کے مطابق اْس نے ریفرنڈم کے نتائج پر مایوسی اور پریشانی میں ایک طرح کے مذاق کے طور پر یہ تحریک شروع کی تھی میں یورپی یونین کا، اس کی اَقدار کا اور اس کے یوٹوپیائی تصورات کا ایک بڑا مداح ہوں، میں نہیں چاہتا کہ لندن اسے چھوڑے۔میئر صادق خان نے اس تجویز کو مستردکرتے ہوئے کہاکہ جب برطانیہ یونین سے الگ ہونے کے لیے باقاعدہ مذاکرات شروع کر یگا تو وہ کوشش کریں گے کہ لندن کے موقف کو بھی اہمیت دی جائے۔