جدہ (مانیٹرنگ ڈیسک)سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ میں نابینا افراد کو پیش کی جانے والی خدمات میں ایک نیا قدم اٹھایا گیا ہے۔ اس سلسلے میں نابینا اور نظر کی کمزوری کا شکار افراد کے چلنے کے لیے پہلا خصوصی ٹریک تیار کیا گیا ہے جس کی لمبائی ایک ہزار میٹر ہے۔عرب ٹی وی کے ساتھ گفتگومیں ٹریک کے حوالے سے ایک نابینا شخص نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹریک کی تیاری کے تمام مراحل میں ہم اس کی نگرانی میں شامل رہے اور بنیادی چیز یہ ہے کہ ٹریک کو عالمی معیار کے مطابق ہونا چاہیے۔جہاں ایک طرف جدہ کے باسیوں نے اس خیال کا خیرمقدم کیا ہے وہاں افتتاحی روز شریک ہونے والے بعض نابینا افراد اس سے نالاں بھی نظر آتے ہیں۔ تاہم ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ یومیہ تجربات اور ٹریک سے استفادہ کرنے والوں کے مشوروں اور تجاویز کو نوٹ کر کے اس کی خامیوں کو دور کیا جاسکتا ہے۔ٹریک استعمال کرنے والی ایک نابینا خاتون نے اپنے خیالات کا اظہار کچھ اس طرح کیا ٹریک پر چلتے ہوئے میری چھڑی دو بریکروں کے درمیان اٹکتی ہے۔ لہذا میری تجویز ہے کہ اس دشواری کو دور کیا جائے اور چلتے ہوئے انسان کو اس میں آسانی محسوس ہونی چاہیے۔مبصرین کے مطابق سعودی عرب کے شہروں میں اس تجربے کا پھیلنا اور اس میں پیش رفت یقیناًتمدن کا ایک اعلیٰ اشاریہ ہو گا۔