دبئی (آن لائن)متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں حکام نے پہلی بار رمضان کے مہینے میں دن کے وقت شراب کی فروخت کے حوالے سے پابندیاں نرم کی ہیں۔واضح رہے کہ ماضی میں اگر کسی نے وائن یا بیئر پینی ہوتی تھی تو اس کو شام یعنی افطار تک کا انتظار کرنا پڑتا تھا۔تاہم اس بار دبئی کے محکمہ سیاحت اور تجارتی مارکیٹنگ نے رمضان سے قبل ہوٹل کے مینیجرز کو ایک نوٹس بھیجا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اس نوٹس میں کہا گیا ہے کہ رمضان میں شراب کی فروخت عام قوانین کے تحت کی جائے نہ کہ محدود اوقات میں۔ محکمہ سیاحت اور تجارتی مارکیٹنگ حکام کا کہنا ہے کہ سیاحوں کے لیے بہترین ماحول فراہم کرنا دبئی کی سیاحت کا مرکزی جزو ہے۔حکام کا مزید کہنا تھا کہ ان کو امید ہے کہ 10 لاکھ سیاح رمضان میں دبئی کا رخ کریں گے اور ہم امید کرتے ہیں کہ تمام لوگ رمضان کا احترام کریں گے۔دبئی میں سیر و تفریح کے علاوہ سیاحوں کے لیے پرکشش بات یہ ہے کہ یہاں شراب فروخت ہوتی ہے جبکہ سعودی عرب، کویت اور ایران میں اس کی ممانعت ہے۔ یہاں تک کہ شارجہ میں بھی شراب نوشی کی اجازت نہیں ہے۔