کابل(این این آئی)طالبان پھر سرگرم،افغانستان میں بھی وہ کام شروع ہوگیا جو پہلے پاکستان میں ہوتاتھا،شدید خوف و ہراس،افغان حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ عسکریت پسند تنظیم طالبان کے جنگجوؤں نے کابل قندھار ہائی وے پر ایک مسافر بس کو روک کر 25 مسافروں کو اغوا کرلیا۔افغان میڈیا کی رپورٹ کے مطابق صوبہ ہلمند کے پولیس چیف آقا نور کا کہنا تھا کہ مذکورہ مسافر بس کو صوبہ ہلمند کے ضلع گریشیک کے علاقے مہاجر بازار میں روکا گیا تھا جہاں سے 25 مسافروں کو اغوا کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا۔آقا نور کے مطابق سیکیورٹی اداروں نے مغویوں کی بازیابی کیلئے سرچ آپریشن کا آغاز کردیا ہے۔گورنر صوبہ ہلمند کے میڈیا آفس کے ایک جاری بیان میں کہا گیا کہ طالبان جنگجووں نے ایک مسافر بس کو روکا تھا، جس میں 45 افراد سوار تھے، مسلح افراد نے ان مسافروں میں سے 25 افراد کو بس سے اتار کر اغوا کرلیا ٗ باقی 20 مسافروں کو چھوڑ دیا جن میں خواتین اور بچے شامل تھے۔بیان میں کہا گیا کہ مذکوہ مسافر صوبہ قندھار سے صوبہ ہرات جارہے تھے۔ٹولو نیوز نے دعویٰ کیا کہ طالبان نے مسافروں کے اغوا کی ذمہ دار ی قبول کرلی ہے۔واضح رہے کہ دو ہفتے قبل بھی طالبان نے باغلان اور قندوز کے درماین قائم ہائی وے سے متعدد مسافر بسوں کو روک کر ان پر سوار 200 مسافروں کو اغوا کرلیا تھا۔واضح رہے کہ بسوں سے اتار کر اغواء کی وارداتیں پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں اس سے قبل بڑی تعداد میں ہوچکی ہیں۔