نئی دہلی (این این آئی)بھارت نے دفاع کے شعبے میں 100 فیصد غیر ملکی سرمایہ کاری کی اجازت دے دی ہے جس سے حکومت کو امید ہے کہ ملک کے اندر فوجی ساز و سامان تیار کرنے کی کوششوں کو فروغ حاصل ہوگا۔غیر ملکی سرمایہ کاری کی نئی پالیسی کے اعلان کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ انڈیا میں سرمایہ کاری کی راہ میں حائل رکاوٹیں ختم کر دی گئی ہیں جس سے لوگوں کو بڑی تعداد میں روزگار ملے گا۔وفاقی حکومت نے اپنی میک ان انڈیا یا ملک کے اندر ہی صنعتی پیداوار کو فروغ دینے کی پالیسی کے تحت یہ اقدامات کیے ہیں۔ اسلحہ درآمد کرنے والے ممالک کی فہرست میں انڈیا کا نام سرفہرست ہے اور اقتدار سنبھالنے کے بعد نریندر مودی نے کہا تھا کہ ان کی حکومت فوجی ساز و سامان ملک کے اندر ہی تیار کرنے پر زور دے گی۔وفاقی وزیر نرملا سیتارمن نے کہا کہ نئی پالیسی کے عمل میں آنے سے بڑی کمپنیاں جدید ٹیکنالوجی لے کر انڈیا آئیں گی۔