بغداد (نیوز ڈیسک) شامی جنگی طیاروں نے داعش کے زیرانتظام شہر پلمائرا پر شدید بمباری کی ہے۔ برطانیہ میں قائم سیرین اوبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کا کہنا ہے کہ 25 کے قریب فضائی حملوں میں کم از کم 26 افراد ہلاک ہوگئے ہیں جن میں 12 جنگجو بھی شامل ہیں۔ اوبزرویٹری کے مطابق اس کے علاوہ ادلب میں فضائی بمباری سے 17 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ ادلب شدت پسند گروہوں کے جیش الفتح نامی اتحاد کا اہم مرکز سمجھا جاتا ہے۔ برطانوی خبررساں ادارے نے شامی فوجی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ شام روس سے حاصل شدہ اہداف کو درست نشانہ بنانے والے ہتھیاروں کا استعمال کر رہا ہے۔ اس سے قبل جمعے کو امریکہ اور روس کے وزرائے دفاع نے اس تنازع کے بارے میں سال میں پہلی بار فون پر بات چیت کی تھی۔ یونیسکو کی ڈائریکٹر جنرل ارینہ بوکووا کا کہنا ہے کہ پلمائرا کی مرحلہ وار تباہی ’جنگی جرائم‘ کے ذمرے میں آتا ہے