بیجنگ(نیوزڈیسک)چین نے کہا ہے کہ وہ جنوبی بحیرہ چین کے علاقے میں تعمیراتی کاموں کو جلد مکمل کر لے گا۔چین نے اس عزم کا بھی اظہار کیا ہے کہ وہ ان جزیروں پر تعمیراتی کام کو جاری رکھے گا جو ان پر ملکیت کا دعویٰ رکھنے والے دوسرے ممالک کے ساتھ کشیدگی کا باعث ہے۔چین کی وزرات خارجہ نے منگل کو جاری کیے جانے والے ایک بیان میں کہا کہ ”چین چند ایک جزائر اور ننشاہ جزیرے کی چٹانوں پر جاری تعمیراتی کام کو آئندہ چند روز میں مکمل کر لے گا۔“بیان میں سپریٹلی جزائر کے لئے چینی نام استعمال کیا گیا ہے۔چینی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری مختصر بیان میں اس کام کے مکمل ہونے کی حتمی تاریخ کا ذکر نہیں ہے۔ تاہم زمین کی بحالی کے کام کا یہ کہہ کر دفاع کیا گیا ہے کہ یہ کسی طرح بھی ”قابل اعتراض نہیں“ اور اس کے مقاصد فوجی نہیں بلکہ غیر فوجی ہیں۔ جزیرے پر ہونے والے زیادہ تر تعمیراتی کام کا مقصد فوجی نوعیت کا ہے جس میں ابتدائی انتباہ کے لئے ریڈار کے نظام کی تنصیب، فوجی بیرک اور ایک فضائی پٹی کی تعمیر شامل ہے۔