کراچی: آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں عالمی کپ کا 11واں ایڈیشن منعقد ہونے میں اب ڈیڑھ ماہ سے بھی کم وقت رہ گیا ہے۔
اب تک کھیلے گئے ورلڈ کپس میں پاکستانی ٹیم کی کارکردگی اچھی رہی ہے جہاں شاہینوں نے مجموعی طور پر 64 میچز کھیلے جن میں سے 36 میں کامیاب رہا جبکہ 26 میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا اور دو میچز نامکمل رہے۔
اب تک پاکستان نے کھیلےگئے دس ورلڈکپ میں ایک مرتبہ کپ جیتا جبکہ چھ مرتبہ سیمی فائنل میں جگہ بنائی ہے۔
آئی سی سی ورلڈکپ میں پاکستان کا سب سے بہترین اسکور 349 ہے جو اس نے زمبابوے کے خلاف 2007 کے ورلڈکپ میں اسکور کیا تاہم گرین شرٹس اس ٹورنامنٹ میں پہلے ہی راؤنڈ میں باہر ہوگئی تھی۔
پاکستان کا عالمی کپ مقابلوں میں سب سے کم اسکور 74 ہے جو 1992 کے ایونٹ میں انگلینڈ کے خلاف ریکارڈ بکس کی زینت بنا تاہم بارش کے باعث پاکستان اس میچ میں ایک پوائنٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہا اور اسی ایک پوائنٹ کی بدولت پاکستان نے سیمی فائنل تک کوالیفائی کیا۔
پاکستان کے لیے میگا ایونٹ میں سب سے بڑی انفرادی اننگز کھیلنےکا اعزاز عمران نذیر کے پاس ہے جنہوں نے 2007 میں زمبابوے کے خلاف 160 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔
عظیم بلے باز جاوید میانداد کو ورلڈ کپ میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز حاصل ہے جنہوں نے 30 میچز میں 43.32 کی اوسط سے 1083 رنز، ایک سنچری اور آٹھ نصف سنچریوں کی مدد سےاسکور کیے۔