لاہور(این این آئی)حکومت پنجاب نے صوبے میں انسانی استعمال کے لیے گندم کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے بڑا فیصلہ کیا ہے اور فیڈ ملز میں گندم کے استعمال پر فوری طور پر پابندی عائد کر دی ہے۔محکمہ داخلہ کے مطابق یہ اقدام ضابطہ فوجداری 1898 کی دفعہ 144(6) کے تحت کیا گیا ہے، جس کا اطلاق 3 اکتوبر تک جاری رہے گا۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق پنجاب میں اس وقت فیڈ ملز کے پاس ایک لاکھ 4 ہزار 184 میٹرک ٹن گندم کا ذخیرہ موجود ہے، جو مرغیوں کے دانے کے طور پر استعمال ہونے جا رہا تھا، تاہم حکومت نے واضح کیا ہے کہ گندم بنیادی انسانی خوراک ہے اور اسے صرف فلور ملز میں آٹے کی تیاری کے لیے استعمال کیا جائے گا۔سیکرٹری داخلہ پنجاب کے حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ صوبے میں گندم اور آٹے کی ممکنہ قلت کے خدشے کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ روٹی اور دیگر اشیائے خور و نوش کی بلا تعطل فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔پابندی کی سرکاری گزٹ، اخبارات اور دیگر ذرائع ابلاغ کے ذریعے بھرپور تشہیر کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے۔