اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان اور آرمینیا نے باضابطہ طور پر سفارتی تعلقات قائم کر لیے ہیں، جس کے لیے مشترکہ دستاویزات کا تبادلہ کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق چین کے شہر تیانجن میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور آرمینیا کے وزیر خارجہ ارارات میرزویان نے اس تاریخی موقع پر دستاویزات کا تبادلہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں پر عمل پیرا رہنے اور دوطرفہ تعلقات کو مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اعلامیے کے مطابق ملاقات میں معیشت، تعلیم، ثقافت اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت ہوئی، جبکہ دونوں ممالک نے امن، ترقی اور استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا۔
سفارتی ذرائع نے بتایا کہ آنے والے ہفتوں میں دونوں ممالک سفارتی تعلقات کو مزید آگے بڑھائیں گے اور وزرائے خارجہ کی پہلی باضابطہ ملاقات شنگھائی تعاون تنظیم کے ہیڈز آف اسٹیٹ کونسل اجلاس کے دوران متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ پیش رفت دونوں ممالک کی خارجہ پالیسی کے لیے ایک اہم موڑ ہے۔ پاکستان نے اس عمل سے قبل آذربائیجان اور ترکیے کو اعتماد میں لیا، جبکہ روس اور ایران سے بھی مشاورت کی گئی۔
مزید بتایا گیا کہ نگورنو-کاراباخ تنازع کے حل کے بعد آذربائیجان اور آرمینیا کے تعلقات میں بہتری آئی ہے، جس کے بعد پاکستان نے بھی آرمینیا سے سفارتی تعلقات قائم کرنے کا فیصلہ کیا۔