اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پنجاب کے مختلف اضلاع میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب نے چھٹیوں کا اختیار ڈپٹی کمشنرز کے سپرد کر دیا ہے۔محکمہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبے کے کئی اسکول سیلاب کے اثرات سے دوچار ہیں اور متعدد تعلیمی اداروں میں پانی اب تک موجود ہے۔
مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ ڈپٹی کمشنرز حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے تعطیلات کا اعلان کریں اور جیسے ہی صورتحال قابو میں آئے، اسکولوں کو دوبارہ کھول دیا جائے۔واضح رہے کہ بھارت کی طرف سے دریاؤں میں پانی چھوڑنے کے بعد پنجاب کے تین بڑے دریاؤں، راوی، چناب اور ستلج میں طغیانی پیدا ہوئی جس سے دریا کنارے آباد بستیاں اور کھڑی فصلیں ڈوب گئیں اور ہزاروں لوگ محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہونے پر مجبور ہو گئے۔