اسلام آباد (این این آئی)حکومت نے ملک بھر میں فوت شدگان اور میعاد ختم ہونیوالے شناختی کارڈز پر جاری موبائل سمز کیخلاف 30جون سے گرینڈ آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ ذرائع کے مطابق نادرا نے اس حوالے سے پی ٹی اے کو تمام ایسے شناختی کارڈز کا مکمل ریکارڈ فراہم کر دیا ہے جن پر موبائل سمز جاری ہیں۔ ریکارڈ ملنے کے بعد پی ٹی اے نے مرحلہ وار سمز کی بندش کے پلان کو حتمی شکل دے دی ہے۔
ذرائع کے مطابق، فوت شدگان اور میعاد ختم ہونے والے شناختی کارڈز پر موبائل سموں کے استعمال کا معاملہ سنگین صورتحال اختیار کرچکا تھا۔ آن لائن بینکنگ اور آن لائن کاروبار کرنے والے شہری روزانہ لاکھوں، کروڑوں روپے کے فراڈ کا شکار ہورہے تھے۔تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ زیادہ تر فراڈ میں استعمال ہونے والی موبائل نیٹ ورک کی سمیں ان شناختی کارڈز پر رجسٹرڈ تھیں جن کی میعاد ختم ہوچکی تھی یا جن کے مالکان انتقال کرچکے تھے۔اس صورتحال کے پیش نظر 30 جون سے ملک بھر میں گرینڈ آپریشن کے آغاز کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نادرا کی جانب سے فراہم کردہ ڈیٹا میں ان تمام شناختی کارڈز کی فہرست شامل ہے جن پر ہزاروں موبائل فون سمز استعمال کی جا رہی ہیں۔نادرا کی تجویز کے مطابق، اس کارروائی کو مرحلہ وار مکمل کیا جائے گا۔
پہلا مرحلہ 30 جون 2025 سے شروع ہوگا جس میں ان شناختی کارڈز پر جاری موبائل سمز بند کی جائیں گی جن کی میعاد 2017میں ختم ہوچکی ہے،دوسرا مرحلہ 30نومبر 2025سے شروع ہوگا۔تیسرا اور آخری مرحلہ 31دسمبر 2025ء کو مکمل کیا جائے گا جس میں ایسی تمام موبائل سمز بند کردی جائیں گی۔پی ٹی اے حکام کے مطابق لوگوں کو فراڈ سے بچانے کیلئے یہ آپریشن نادرا کے ساتھ مل کر شروع کیا جارہا ہے۔ نادرا حکام کا کہنا ہے کہ میعاد ختم ہونے والے شناختی کارڈز اور فوت شدگان کے عزیز و اقارب اگر ان سمز کو اپنے نام پر منتقل کرانا چاہتے ہیں تو فوری طور پر نادرا سے ریکارڈ کی درستی کرائیں۔ نادرا نے واضح کیا ہے کہ جو شناختی کارڈز میعاد ختم ہونے یا فوتگی کی وجہ سے بند ہیں، اگر ان کے ورثا نادرا میں جمع کرا کر ریکارڈ درست نہیں کرائیں گے تو 30 جون سے پی ٹی اے ایسی تمام موبائل سمز بلاک کردے گا۔