اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست جمع کرادی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق رمضان میں پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں کو تو جیسے پر لگ جاتے ہیں اور اسی کے پیش نظر قیمتوں میں اضافے کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی ہے جس میں کابینہ، سیکرٹری ٹریڈ اینڈ کامرس و دیگر کو فریق بنا دیا گیا ہے۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ رمضان میں حکومت کی ناقص حکمت عملی کے باعث قیمتوں میں اضافہ کر دیا جاتا ہے۔ پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے حکمت عملی مرتب کرنے کی ضرورت ہے اور قیمتوں میں اضافے کو روکنے کیلئے ماہ رمضان میں برآمدات پر پابندی لگائی جائے۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ پھلوں اور سبزیوں کی قلت سے بچنے کیلئے برآمدات سے متعلق پالیسی بنائی جائے،اشیائے خوردونوش کی عام آدمی تک رسائی کیلئے مربوط حکمت عملی بنانے کا حکم دیا جائے ۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ کرپٹ مافیا کے باعث رمضان میں عام آدمی پھلوں اور سبزیوں کو خریدنے کی قوت کھو چکا ہے، پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں میں اضافے کے باعث غریب بھوک کا شکار ہے، ماہ رمضان میں کیلا 250 روپے سے زائد فی درجن فروخت ہورہا ہے جبکہ سیب اور آم 200 سے زائد فی کلو فروخت کیا جارہا ہے۔