اسلام آباد(آن لائن) ملک کے مجموعی قرضوں میں دگنا اضافہ ہوگیا،جس کے نتیجے میں حجم اٹھائیس ہزار دو سو ستانوے ارب تک پہنچ گئے ہیں۔ادھارکے بوجھ میں خطرناک اضافے سے ہرپاکستانی ایک لاکھ چھتیس ہزارکامقروض ہوگیا۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کے 5سالہ دورمیں ادھارکا ہندسہ ڈبل ہوتے ہوئے ملک کے مجموعی قرضے14 ہزار 318 ارب سے 28 ہزار 297 ارب تک جاپہنچے۔گزشتہ روز اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق
گزشتہ ایک سال میں حکومتی قرضوں میں 3165 ارب روپے کا اضافہ ہوا۔مارچ تک اندرونی قرضوں کا حجم 16074 ارب جبکہ بیرونی قرضے 91ارب 76کروڑ ڈالر ہو گئے۔گزشتہ 9ماہ میں 5.8 ارب ڈالر لیے گئے۔یوں ہر پاکستانی ایک لاکھ چھتیس ہزارروپے کا مقروض ہوگیا۔سرکاری اداروں کے ذمے قرضے اور واجبات کی مالیت 1196 ارب روپے ہے۔پی آئی اے 148 ارب روپے کے بوجھ تلے دبا ہے،واپڈا 124 ارب جبکہ کئی سال سے بند اسٹیل مل 43 ارب روپے کی مقروض ہے۔