اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سٹیٹ بینک کی جانب سے اوپن مارکیٹ میں ڈالر مہنگا ہونے کا نوٹس لینے کے باوجود ڈالر نئی بلند ترین سطح 119 روپے 50 پیسے کا ہوگیا۔فاریکس ایسوسی ایشن کے صدر ملک بوستان کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر تیس پیسے مہنگا ہونے سے 119 روپے 50 پیسے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔ملک بوستان نے کہاہے کہ بجٹ اور سیاسی صورتحال پر سرمایہ کاروں کی جانب سے ڈالر کی خریداری دیکھی جارہی ہے جبکہ انٹربینک میں
ڈالر 115 روپے 62 پیسے پر ہی برقرار ہے جس کی وجہ سے انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت کا فرق بھی بڑھ کر 3 روپے 88 پیسے ہوچکا ہے۔صورتحال پر گہری نظر رکھنے والے اقتصادی ماہرین نے خبر دار کیا ہے کہ حکومت کی جانب سے ڈالر کی قیمت کو کنٹرول میں رکھنے کیلئے سنجیدگی نظر نہیں آرہی اور اگر فوری طورپر اقدامات نہ کئے گئے اوریہی صورتحال رہی تو حکومت کی مدت کی تکمیل مکمل ہونے تک ڈالر130 سے بھی اوپر جاسکتاہے۔