دوحہ(این این آئی) قطر ائیر ویز کے چیف ایگزیکٹو اکبر الباکر نے اعتراف کیا ہے کہ ان کی فضائی کمپنی کو اس سال خسارے کا سامنا ہوگا ۔میڈیارپورٹس کے مطابق ایک بیان میں اکبر الباکر کا کہنا تھا کہ سعودی عرب ، مصر ، متحدہ عرب امارات اور بحرین نے گذشتہ سال جون سے اپنی فضائی حدود سے قطری طیاروں کے گذرنے پر پابندی عاید کررکھی ہے جس کی وجہ سے انھیں بین الاقوامی پروازوں کے لیے ترکی اور ایران کا
لمبا راستہ اختیار کرنا پڑتا ہے اور اس طرح ایندھن اور مرمت کی مد میں اخراجات میں اضافہ ہوچکا ہے۔انہوں نے کہاکہ روٹس کے لمبا ہوجانے کے بعد ہم نے مرمت کی لاگت میں اضافہ کردیا ہے ، ہمارا زیادہ ایندھن خرچ ہوتا ہے۔اس لیے فضائی کمپنی کی لاگت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ ناکا بندی کی وجہ سے فضائی کمپنی کو اس سال خسارے کا سامنا کرنا پڑے گا لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ ہم اپنی سرگرمیوں کو محدود کررہے ہیں اور سکڑ رہے ہیں۔