لاہور(آن لائن) لاہور ہائیکورٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف متفرق درخواست دائر کر دی گئی، درخواست میں وفاقی حکومت، اوگرا اور دیگر فریق کو بنایا گیا ہے۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق حکومتی بیان بے بنیاد ہے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ،
اضافی سیل ٹیکس وصولی کے باعث ہے اور اس پر 15 فیصد سے زائد اضافی سیل ٹیکس غیرآئینی ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت حکومت کے اضافی سیل ٹیکس وصولی کو کالعدم قرار دے اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا حکم دے۔خیال رہے حکومت نے اوگرا کی سفارش پر گزشتہ روز پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 3 سے 6 روپے فی لیٹر اضافہ کر دیا۔ وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری نوٹی فیکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 2 روپے 98 پیسے، ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 92 پیسے، لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 93 پیسے اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 5 روپے 94 پیسے فی لٹر اضافہ کر دیا گیا ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد مٹی کا تیل 70 روپے 26 پیسے فی لٹر، لائٹ ڈیزل 64 روپے 30 پیسے فی لٹر، ہائی سپیڈ ڈیزل 95 روپے 83 پیسے اور پٹرول کی نئی قیمت بڑھ کر 84 روپے 51 فی لٹر ہو گئی ہے۔