قاہرہ (آئی این پی )چین کے سب سے بڑے بینک چائنا ڈویلپمنٹ بینک نے گذشتہ روز مصر کے دو بڑے مالیاتی اداروں سائی بینک اور بینک مصر کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کئے ہیں جس کے مطابق چین کا غیرملکی سرمایہ کاری اور مالیاتی معاون چائنا ڈویلپمنٹ بینک مصر میں سرمایہ کاری کیلئے
تعاون فراہم کریگا ، اس سلسلے میں بینک مصر کے ہیڈ کوارٹر میں قاہرہ میں ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس میں معاہدے پر دستخط کئے گئے ، اس موقع پر مصر میں چین کے سفیر سانگ آئی گو اور مصر کے سینٹرل بینک کے نمائندے بھی موجود تھے ، معاہدے کے مطابق پہلی ڈیل میں قرض کے دومعاہدے شامل ہونگے جن کے مطابق چینی بینک سائی بینک کو 40ملین امریکی ڈالر فراہم کرے گا جو چھوٹے اوردرمیانے درجے کاروبار میں استعمال کئے جائیں گے جبکہ بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کیلئے 40ملین امریکی ڈالر کا ایک اور قرضہ بھی شامل ہو گا جس کے نتیجے میں روزگار کے کئی مواقع پیدا ہوں گے ۔یہ بات سائی بینک کے وائس چیئرمین حسن عبدالمجید نے چینی خبررساں ایجنسی شنہوا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔انہوں نے کہا کہ یہ معاہدے چین اورمصر کے درمیان بہترین تعلقات کے نتیجے میں وجود میںآئے ہیں ، دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں مزید مضبوط ہونگے ۔