بیجنگ (این این آئی)چین نے کہا ہے کہ وہ پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کرنے والی چینی کمپنیوں کی حوصلہ افزائی کریگا۔چینی وزارت خارجہ کی ترجمان نے پریس بریفنگ کے دوران مالی سال 2016-17کے دوران پاکستان میں چین کی جانب سے 1.86ارب ڈالر براہ راست سرمایہ کاری سے متعلق سٹیٹ بنک آف پاکستان کی جانب سے جاری اعداد وشمار کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ چین ،پاک۔چین سدا بہار سٹریٹجک پارٹنرشپ کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔
ہم پاکستان کیساتھ تجارت اور تعاون پر مبنی پارٹنرشپ کیلئے پر عزم ہیں۔ترجمان نے کہا کہ حالیہ برسوں میں پاکستان میں چین کی جانب سے براہ راست سرمایہ کاری میں تیزی آئی ہے اور دونوں دوست ممالک کے درمیان اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ترجمان نے سی پیک منصوبے میں پیشرفت اور پاکستان میں سرمایہ کاری پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان میں مستقبل میں مزید سرمایہ کا ارادہ رکھتا ہے۔