بیجنگ(آئی این پی)چین اور امریکہ کو باہمی تعاون میں فروغ کیلئے نقطہ آغاز کے طور پر ون بیلٹ ون روڈ کے تحت کئی ارب ڈالر سے جاری منصوبہ چین پاکستان اقتصادی راہداری(سی پیک) میں تعاون کرنا چاہیے۔چین پاکستان میں سب سے بڑا غیر ملکی سرمایہ کار کے طور پر امریکی بالادستی کو ختم کر رہا ہے ، امریکہ آہستہ آہستہ جنوبی ایشیائی ملک میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے اس غلبہ کو اس وقت کھو رہا ہے
جب پاکستانی معیشت میں مسلسل بہتری آرہی ہے۔معروف چینی اخبار گلوبل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق امریکہ جنوبی ایشیا کے اہم ملک پاکستان میں اپنا غلبہ آہستہ آہستہ کھوتا جارہا ہے جبکہ پاکستانی معیشت میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ پاکستان اس وقت سیمنٹ ، سٹیل ، آٹو موبائلز اور الیکٹرونکس کی طرح مختلف شعبہ ہائے زندگی میں ترقی کی سیڑھیاں طے کررہا ہے۔ پاکستان میں سٹیل کی سالانہ پیداوار 5,6ٹن کی رینج میں ہے جبکہ سی پیک کے تحت بڑے پیمانے پر بنیادی ڈھانچوں کے منصوبہ جات سے سالانہ سٹیل کی مانگ میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ عالمی طور پر بعض دیگر ممالک بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع پر نظریں لگائے بیٹھے ہیں۔ بہت سے ممالک نے سی پیک اور اس کے تحت چلنے والے منصوبوں میں شراکت کیلئے دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ امریکہ کے ون بیلٹ ون روڈ منصوبہ پر شبہات کی وجہ سے امریکہ کی بڑی کمپنیاں جنوبی ایشیا میں طلوع ہوتے پاکستان میں سرمایہ کاری سے گریزاں ہیں۔ چین سی پیک کے تحت پاکستان میں امریکی کمپنیوں کو بنیادی ڈھانچہ کے منصوبوں میں حصہ لینے کیلئے تعاون پر تیار ہے۔ پاکستان میں امریکی سرمایہ کاری میں کمی کا رجحان واشنگٹن اور دیگر بڑی طاقتوں کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔ واشنگٹن کو اپنی حکمت عملی کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے ،اگر امریکہ اس خطہ میں سرمایہ کاری کے ذریعے کچھ حاصل کرنا چاہتا ہے تو اسے ون بیلٹ ون روڈ منصوبہ کی حمایت کرتے ہوئے اس میں سرمایہ کاری کرنا ہوگی۔