کراچی ( مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی حکومت نے آپریشن ر دالفسادکے پیش نظرایف آئی اے اور سٹیٹ بینک کو بھاری رقوم کی ٹرانزیکشنز کے حامل بینک اکاؤنٹس کی نگرانی سخت کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں ۔ایک نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی حکومت کویہ خدشہ ہے کہ آپریشن ردالفساد کے نتیجے میں دشمن ممالک اورانکے خفیہ ادارے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو بینکوں کے ذریعے مالی معاونت کرسکتے ہیں ؟۔اس لئے بھاری رقوم کی ٹرانزیکشنز کی کڑی نگرانی کی ہدایات جاری کی گئی ہیں ۔حکومت کی جاری کردہ نئی ہدایات کے
مطابق زیادہ فعال نہ رہنے والے بینک اکاؤنٹس سے بھاری رقوم کی منتقلی کی کڑی نگرانی کی جائے گی، ایسے اکاؤنٹس کی ہسٹری چیک کی جائیگی اور معلوم کیا جائیگا کہ یہ اکاؤنٹس معمول کے مطابق بھاری رقوم کی ٹرانزیکشنز کیلئے استعمال ہوتے ہیں یا پھر کبھی کبھار ہی ان اکاؤنٹس میں بھاری رقوم جمع کرائی یانکالی جاتی ہیں ۔ایسے بینک اکائونٹس کی تفصیلات ایف آئی اے اورسٹیٹ بینک حکومت کوارسال کرینگے اوران کی تحقیقات بھی کی جائینگی تاکہ دہشتگردی کےلئے مالی معاونت کے لئے بینکنگ کے چینل کواستعمال کرنے کوروکاجاسکے ۔