لاہور ( این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے معروف مذہبی سکالر علامہ شہنشاہ نقوی نے زمان پارک میں ملاقات کی ۔قومی سیاسی معاملات، چیئرمین عمران خان کے تصورِ ریاستِ مدینہ اور تحریک انصاف کے مِلی و ملکی تعمیر و ترقی کے فلسفے پر سیر حاصل گفتگو کی گئی ۔ اس موقع پر مرکزی سیکرٹری اطلاعات فرخ حبیب بھی موجود تھے ۔
علامہ شہنشاہ نقوی کی جانب سے تحفظِ ناموسِ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم اور عالمی سطح پر اسلاموفوبیا کے تدارک کیلئے چیئرمین تحریک انصاف کی خدمات کا برملا اعتراف کیا گیا اور پاکستان کو ریاستِ مدینہ کے زریں اصولوں کی روشنی میں جدید فلاحی مملکت کی صورت میں ڈھالنے کے کلیدی فلسفہ و ہدف کو بھی سراہا ۔ عمران خان نے کہا کہ اہلِ علم خصوصا الہامی و تہذیبی علوم کے ماہرین سماج میں اقدار کے فروغ و تحفظ کا فریضہ سرانجام دیتے ہیں، اہلِ پاکستان ایک بے مثال تہذیبی و دینی ورثے کے امین ہیں، رسولِ مکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے امتی ہونے کی حیثیت سے ہمارے پاس کتاب و سنت کیصورت میں ہدایت کا ابدی سامان موجود ہے، دینِ مبین سماج و سیاست اور معاشرت سے معیشت تک ہمیں بھرپور رہنمائی فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیرتِ رسول مکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے دنیوی و اخروی نجات کے اسباب پیدا کرنا بطور ملت ہمارے ذمے ہے، اسلام بند ممن کو بندگی و اقدار کے دائرے میں آزادء فکر و عمل کی بنیاد مہیا کرتا ہے، زوال کے اس دور میں سیرتِ رسولِ مکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے عروج کی راہ کشید کرنا امت کی ذمہ داری ہے۔ عمران خان نے کہا کہ قرب و نصرتِ الہی سے پاکستان کو ریاستِ مدینہ کے خطوط پر استوار کرنے کی محنت جاری رکھیں گے، اہلِ علم خانقاہوں اور دانشکدوں سے نکل کر میدانِ عمل میں قوم کی رہنمائی کریں۔