لاہور (آئی ا ین پی ) وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عام انتخابات تو دور کی بات ضمنی الیکشن کا ماحول بھی نہیں بنے گا۔ وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ارکان قومی اسمبلی کے استعفے غیر قانونی اور غیر آئینی تھے، آئین و قانون کے مطابق استعفے آئیں تو سپیکر منظور کرنے میں دیر نہ لگائیں۔
سعد رفیق کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے ارکان قومی اسمبلی کے استعفے منظور ہونے کے بعد اگر ضمنی الیکشن ہوتے ہیں تو ہونے دیں، لیکن پی ٹی آئی کا استعفے منظور ہونے پر عام انتخابات ہونے کا دعوی درست نہیں، عام انتخابات تو دور کی بات اب تو ضمنی الیکشن کا ماحول بھی نہیں بنے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی کے پاس 4 حکومتیں ہیں، وہاں کوئی کارکردگی نہیں دکھا رہے، اسمبلی توڑ کرنئے الیکشن کی بات آئندہ انتخابات کو متنازع بنائے کیلئے ہے، متنازع انتخابات کسی بھی ملک و قوم کیلئے اچھے نہیں ہوتے۔ ٹیکنو کریٹ سیٹ اپ سے متعلق شیخ رشید کے بیان پر وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سیاسی یتیموں کی ایسی پھلجھڑیوں اور پیشگوئیوں کی کوئی اہمیت ہی نہیں، ملک کو اداروں کی مدد سے منتخب حکومت ہی چلائے گی۔