کراچی(آئی این پی )کاروباری ہفتے کے پہلے روز روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں اضافہ جبکہ سٹاک مارکیٹ میں بھی مندی کا رجحان رہا جبکہ مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت تاریخ میں پہلی بار 1 لاکھ 75 ہزار روپے کے قریب پہنچ گئی۔انٹر بینک میں ڈالر 10پیسے اضافے کے ساتھ 225 روپے4 پیسے
پر بند ہوا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر15 پیسے اضافے کے ساتھ 234 روپے 15 پیسے پر فروخت ہوا۔دوسری جانب سٹاک مارکیٹ میں مندی کا رجحان رہا، کاروباری ہفتے کے پہلے روز مارکیٹ میں 330 پوائنٹس کمی کے بعد 100 انڈیکس 40 ہزار970 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔پاکستان میں جاری سیاسی کشیدگی کی وجہ سے کاروباری سرگرمیوں پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں جس کی وجہ سے گزشتہ ہفتے سے ڈالر کے ریٹ میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ادھر مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت تاریخ میں پہلی بار 1 لاکھ 75 ہزار روپے کے قریب پہنچ گئی۔آل پاکستان سپریم کونسل جیولرز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق پیر کے روز ملکی صرافہ مارکیٹوں میں ایک تولہ سونے کی قیمت میں 2200 روپے کا بڑا اضافہ ہوا جس کے بعد ایک تولہ سونے کی قیمت ایک لاکھ 74 ہزار 900 روپے پر جا پہنچی۔اسی طرح 1886 روپے کے اضافے سے دس گرام سونے کی قیمت ایک لاکھ 49 ہزار 948 روپے ہو گئی جبکہ 3 ڈالر کے اضافے سے عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونا 1796 ڈالر کا ہوگیا۔