راولپنڈی (این این آئی)پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ سے ایک روز قبل انگلینڈ کی ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس سمیت متعدد کھلاڑی پیٹ کے انفیکشن کا شکار ہو گئے ہیں جس کے بعد میچ ایک سے دو دن ملتوی کیے جانے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کی ٹیم 17 سال بعد ٹیسٹ سیریز کھیلنے کیلئے پاکستان کی سرزمین پر موجود ہے ،دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ یکم دسمبر سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہونا ہے۔رپورٹ کے مطابق انگلش کپتان بین اسٹوکس سمیت دیگر کھلاڑی اور عملے کے کچھ اراکین بھی پیٹ کے انفیکشن کا شکار ہو گئے ہیں۔ٹیسٹ سیریز کیلئے ٹرافی کی تقریب رونمائی بھی ہونی تھی تاہم بین اسٹوکس کی صحتیابی تک تقریب رونمائی کو ملتوی کردیا گیا ۔انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ متعدد کھلاڑیوں کی طبیعت خراب ہے اور انہیں ہوٹل میں رہ کر آرام کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔برطانوی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق انگلش ٹیم کے کھلاڑی وائرل فوڈ پوائزننگ کا شکار ہوئے ہیں۔برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی) کے مطابق 16 رکنی اسکواڈ کے نصف سے زائد اراکین فوڈ پوائزننگ کا شکار ہوئے اور صرف پانچ کھلاڑیوں نے ٹریننگ میں حصہ لیا جبکہ دیگر کھلاڑیوں، عملے اور کوچز نے ہوٹل میں آرام کو ترجیح دی۔بدھ کو ٹریننگ کرنے والوں میں جو روٹ، زیک کرالی، اولی پوپ، ہیری بروکس اور کیٹن جیننگس شامل ہیں۔وائرس کا شکار ہونے کے سبب انگلینڈ کی ٹیم پہلے ٹیسٹ کے لیے اعلان کردہ ٹیم میں تبدیلیاں کرنے پر مجبور ہو سکتی ہے۔