اسلام آباد (نیوز ڈیسک)پاکستان نیوی کے ریٹائرڈ ریئر ایڈمرل فواد امین بیگ نے کہا ہے کہ پاکستان کے پاس بلیو اکانومی کے بے پناہ وسائل موجود ہیں، ہمارا سمندر معدنیات اور دیگر قیمتی سمندری وسائل سے مالا مال ہے۔جیو نیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے ریئر ایڈمرل (ر) فواد امین بیگ نے بتایا کہ سمندری وسائل کے استعمال کے حوالے سے پاکستان نیوی نے اہم کردار ادا کیا ہے۔
ان کے مطابق، نیوی نے چین کے تعاون سے ایک سروے کرایا جس میں یہ بات سامنے آئی کہ پاکستان کے زیرِ سمندر گیس کے بڑے ذخائر موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس وقت سب سے بڑی ضرورت یہ ہے کہ ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو متوجہ کیا جائے تاکہ ان کے سرمایہ اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ان وسائل کو بروئے کار لایا جا سکے۔ریئر ایڈمرل (ر) فواد امین بیگ نے مزید کہا کہ جب بھی ملک ترقی کی طرف بڑھتا ہے تو دشمن قوتیں ففتھ جنریشن وار کے ذریعے سرمایہ کاروں کو خوفزدہ کرنے کی کوشش کرتی ہیں، تاہم ایس آئی ایف سی، فوجی اور سیاسی قیادت کے اشتراک سے اب ایک ایسی حکمت عملی تیار کی گئی ہے جس کے ذریعے پاکستان مضبوط معیشت کی طرف گامزن ہو سکے گا۔



















































