اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستانی نژاد امریکی اداکار فاران طاہر نے تقریباً 18 سال بعد مارول اسٹوڈیوز میں دوبارہ قدم رکھتے ہوئے ہالی ووڈ میں اپنی موجودگی کا احساس دلایا ہے۔
فاران طاہر مارول کی نئی سیریز ’ویژن کویسٹ‘ کی چھٹی قسط میں ایک مرتبہ پھر منفی کردار ادا کرتے دکھائی دیے ہیں۔ انہوں نے اس سے قبل 2008 میں ریلیز ہونے والی مشہور فلم ’آئرن مین‘ میں رضا نامی ولن کا کردار نبھایا تھا، جس نے ٹونی اسٹارک کو اغوا کیا تھا۔
اب طویل وقفے کے بعد اداکار اسی کردار میں واپس آئے ہیں، تاہم اس مرتبہ ان کا حلیہ اور انداز پہلے سے مختلف دکھائی دے رہا ہے۔ سیریز کی تازہ قسط میں وہ اپنے مسلح ساتھیوں کے ساتھ ویژن کو گرفتار کرنے کی کوشش کرتے نظر آتے ہیں۔
مارول سنیماٹک دنیا میں فاران طاہر کی واپسی کو پاکستانی شوبز کے لیے بھی اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ وہ عالمی تفریحی صنعت میں پاکستانی فنکاروں کی نمائندگی کر رہے ہیں۔



















































