اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان نے 23 اکتوبر 2026 سے ای پاسپورٹ کے اجرا کا عمل شروع کردیا ہے۔
نئے پاسپورٹ کے حصول کے لیے نام سے متعلق کچھ شرائط بھی متعارف کرائی گئی ہیں، جن پر عمل کرنا درخواست گزاروں کے لیے ضروری ہوگا۔
مسقط میں پاکستانی سفارت خانے نے عمان میں مقیم پاکستانی شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پاسپورٹ کی درخواست جمع کرانے سے پہلے اپنی ذاتی معلومات اور شناختی دستاویزات کا جائزہ لے لیں تاکہ درخواست پر کارروائی میں کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آئے۔
سفارت خانے کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس (IMPASS) کی ہدایات پر 23 اکتوبر سے ای پاسپورٹ جاری کرنے کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔ نئے ضوابط کے تحت درخواست گزار کے نام میں پہلا نام (فرسٹ نیم) اور آخری نام (لاسٹ نیم) دونوں درج ہونا لازمی ہیں۔ صرف ایک نام پر مشتمل درخواستیں قابلِ قبول نہیں ہوں گی۔
ناموں کے لیے حروف کی حد بھی مقرر کی گئی ہے۔ درخواست گزار کے پہلے نام میں زیادہ سے زیادہ 50 حروف جبکہ آخری نام میں 40 حروف درج کیے جاسکتے ہیں۔ اسی طرح والد، شوہر یا سرپرست کے نام کے لیے بھی 40 حروف کی حد مقرر ہے۔
جن پاکستانی شہریوں کے شناختی کارڈ پر صرف ایک نام درج ہے، انہیں مشورہ دیا گیا ہے کہ ای پاسپورٹ کے لیے درخواست دینے سے قبل اپنا نائیکوپ (NICOP) یا کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ (CNIC) درست اور اپ ڈیٹ کروا لیں۔
سفارت خانے نے واضح کیا ہے کہ ای پاسپورٹ سروس شروع ہونے کے بعد مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ (MRP) کی نئی درخواستوں پر کارروائی نہیں کی جائے گی۔ تاہم، 23 اکتوبر 2026 سے پہلے جاری کیے گئے مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ اپنی مقررہ میعاد ختم ہونے تک قابلِ استعمال رہیں گے۔
عمان میں ای پاسپورٹ کے اجرا کے لیے فیس کا تعین پاسپورٹ کی مدت، صفحات کی تعداد اور درخواست کی عام یا فوری کارروائی کے مطابق کیا گیا ہے۔
پانچ سالہ میعاد کے 36 صفحات والے پاسپورٹ کی عام فیس 24 عمانی ریال جبکہ فوری اجرا کے لیے 40 عمانی ریال مقرر کی گئی ہے۔ اسی مدت کے 72 صفحات پر مشتمل پاسپورٹ کی فیس عام طریقۂ کار کے تحت 44 ریال اور فوری کارروائی کے لیے 72 عمانی ریال ہوگی۔
دس سالہ میعاد کے 36 صفحات والے ای پاسپورٹ کی عام فیس 36 عمانی ریال جبکہ فوری اجرا کی فیس 72 ریال ہے۔ اس کے علاوہ 72 صفحات پر مشتمل دس سالہ پاسپورٹ کے لیے عام فیس 66 عمانی ریال اور فوری کارروائی کی فیس 107 عمانی ریال مقرر کی گئی ہے۔
سفارت خانے کے مطابق مذکورہ فیسوں کے علاوہ درخواست گزاروں کو 0.300 عمانی ریال اضافی بینک چارج بھی ادا کرنا ہوگا۔



















































