لاہور ( این این آئی) تحریک انصاف نے عمران خان کے حالیہ بیان سے متعلق میڈیا رپورٹس مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ فنانشل ٹائمز کے انٹرویو کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف نے عمران خان کے حالیہ بیان سے متعلق
میڈیا رپورٹس مسترد کر دیں اور بیان میں کہا کہ عمران خان نے کبھی یہ نہیں کہا کہ امریکی سازش نہیں تھی۔بعض میڈیا چینلز ،انگریزی اخبارات انٹرویوکی غلط تشریح کر رہے ہیں، فنانشل ٹائمزکے انٹرویو کو توڑ مروڑ کر مرضی کی ہیڈ لائنزلگائی گئیں۔تحریک انصاف نے کہا کہ عمران خان کے فنانشل ٹائمز کو انٹرویو کی آڈیو ریکارڈنگ موجود ہے، عمران خان نے ہرگز یہ نہیں کہا کہ سازش نہیں ہوئی، عمران خان نے کہا پاکستان کو دھمکیاں دی گئیں۔پی ٹی آئی کے مطابق انٹرویو میں کہا گیا اب وہ وقت گزر گیا ہمیں آگے دیکھنا ہے، عمران خان نے کہا ہم بشمول امریکہ ہر ملک سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں لیکن غلامی پر مبنی تعلقات کی روایت کسی صورت قبول نہیں۔پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے کہا گیا ہے کہ عمران خان نے کہا ہمیں اب شفاف انتخابات کے ذریعے آگے بڑھنا ہے۔