لاہور( این این آئی) کوٹ لکھپت جیل میں سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کے مشقتی سوار خان نے کہاہے کہ نواز شریف جیل میں انتہائی سادہ کھانا کھاتے ، انہوں نے کبھی یہ فرق نہیں کیا کہ میں غریب اور ان کا مشقتی ہوں بلکہ مجھے کئی بار اپنے ساتھ بٹھا کر کھانا کھلاتے ، نواز شریف کو کبھی غصہ کرتے دیکھا
اور نہ انہوں نے کبھی مجھ سمیت کسی کو ڈانٹا ۔انٹر ویو میں گفتگو کرتے ہوئے جیل میں نواز شریف کے مشقتی سوار خان نے کہا کہ میری صبح سے شام تک نواز شریف کے ساتھ ڈیوٹی ہوتی تھی ،ان کے گھر سے جوکھانا آتا تھا میں انہیں پلیٹ میں ڈال کر دیتا تھا، میں ان کے لئے صبح کا ناشتہ بناتا تھا،ناشتے میں نواز شریف پپیتا، ڈبل روٹی اور انڈا جبکہ دوپہر کے کھانے میں سفید چاول اور دال کھاتے تھے ، رات کا کھانا بھی گھر سے آتا تھا ۔ سوار خان نے کہا کہ میں نے کئی بار نواز شریف کے ساتھ بیٹھ کر کھانا کھایا ہے ، نواز شریف کہتے تھے آپ بھی انسان ہیں ، میرے اور آپ کے درمیان کوئی فرق نہیں ، میں اللہ کو کیاجواب دوں گا کہ غریب کو زمین پر بٹھاکر اور خود میز پر بیٹھ کر کھانا کھایا۔ مجھے بطور مشقتی نواز شریف نے کبھی نہیں ڈانٹا اور میں نے کبھی نواز شریف کو غصہ کرتے ہوئے نہیں دیکھا۔نواز شریف کی ایسی کوئی عادت نہیں جو بری لگی ہو، نواز شریف پانچ وقت نماز پڑھتے اور قرآن پاک کی تلاوت کرتے ، نواز شریف کو یہ دعا کرتے سنا اللہ میری بے گناہی ثابت کرنا۔