استنبول/اسلام آباد (این این آئی) ترکیہ کے استقلال ایونیو میں زور دار دھماکے میں 5 افراد کے جاں بحق اور متعدد کے زخمی ہوگئے ،دھماکیکے وقت سیاحوں کی بڑی تعداد موجود تھی اور اتوارکا روز ہونے کے باعث تقسیم اسکوائر پر سیاحوں کا رش تھا۔عالمی میڈیا کے مطابق ترکیہ کے شہر استنبول کے علاقے استقلال ایونیو میں زورد دار دھماکے کی آواز سنی گئی ہے
تاہم دھماکے کی نوعیت کا تعین نہیں ہوسکا۔ایمبولینسوں اور فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کو جائے حادثہ کی جانب جاتے ہوئے دیکھا گیا جبکہ پولیس غیر متعلقہ افراد کو وقوعہ پر جانے سے روک رہے تھے جس جگہ دھماکا ہوا وہاں کافی تعداد میں راہگیر موجود تھے اور یہ مصروف ترین علاقہ ہے۔اب تک دھماکے میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی ہے اور تاہم استنبول کے گورنر نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ دھماکے میں ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں تاہم انھوں نے تعداد نہیں بتائی۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی نے اطلاع دی کہ دھماکے میں ہلاکتوں کی تعداد 5 ہوسکتی ہے۔پولیس کے مطابق دھماکے کی تحقیقات کر رہے ہیں،اب تک دھماکے کے مواد اور نوعیت سے متعلق معلومات نہیں مل سکیں۔ پہلی ترجیح زخمیوں کو فوری طبی امداد کی فراہمی ہے۔ترک صدر طیب اردوان نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ادھر استنبول کے گورنر علی یرلیکایا نے ٹوئٹر پر بتایا کہ دھماکے میں متعدد افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری پولیس، صحت، فائر بریگیڈ اور اے ایف اے ڈی کی ٹیموں کو جائے وقوع کی طرف بھیج دیا گیا ہے اور تفصیلات سے عوام کو آگاہ کردیا جائے گا۔رپورٹ کے مطابق فوٹیجز میں جائے وقوع استنبول کے علاقے تقسیم میں ایمبولینسز، فائر ٹرکس اور پولیس کو دیکھا جاسکتا ہے۔پولیس نے دھماکے کے فوری بعد علاقے کی سیکیورٹی سنبھال لی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا تاہم دھماکے کی وجہ تاحال واضح نہیں ہوسکی۔سوشل میڈیا پر دھماکے کے وقت کی ویڈیو جاری کردی گئی جس میں دھماکے کی آواز دور دور تک سنائی دے رہی ہے
اور دھواں اٹھتا ہوا دیکھا جاسکتا ہے، تصاویر میں ایک گڑھا بھی ہے اور قریب ہی زمین پر متعدد افراد کو بھی دیکھا جاسکتا ہے۔خیال رہے کہ استقلال اسٹریٹ میں 2015 سے 2016 کے دوران استنبول میں ہونے والے حملوں کے دوران بھی نشانہ بنی تھی۔دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف ے ایک بیان میں کہا کہ
ترکیہ کی استقلال اسٹریٹ میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہیں، استنبول میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر بے حد افسوس ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ بچوں سمیت واقعے میں زخمی افرادکی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہیں، پاکستان ترکیہ کے عوام اور حکومت سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔انہوںنے کہاکہ ہرطرح کی دہشتگردی قابل مذمت ہے ۔