لاہور (نیوزڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے صدر ظہیر عباس نے کہا ہے کہ پاک بھارت سیریز دونوں ملکوں کے بورڈز کا معاملہ ہے، آئی سی سی اس میں اپنا کوئی کردار ادا نہیں کر سکتی۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کے سابق لیجنڈ بیٹسمین اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)کے موجودہ صدر ظہیر عباس نے کہا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کوئی معمولی نہیں ہے۔ اس کا شمار دنیا کی بہترین ٹیموں میں ہوتا ہے۔ اس کی کارکردگی بہتر ہوگی تو سب اس کی طرف آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاک بھارت سیریز کھیل کیلئے بہتر ہے۔ پڑوسی ممالک کے کھیلنے سے دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری آئیگی۔ تاہم یہ سیریز دونوں ملکوں کے بورڈز کا معاملہ ہے۔ آئی سی سی اس میں اپنا کوئی کردار اد نہیں کر سکتی۔