پیرس(نیوزڈیسک) فرانسیسی صدر فرانسوا اولانڈ نے تین امریکیوں اور ایک برطانوی شہری کو فرانس کا سب سے اعلیٰ ایوارڈ دیا ہے۔ ایمسٹرڈیم سے پیرس جانے والی ایک ٹرین میں ان چاروں مسافروں نے ایک کلاشنکوف بردار مسلح حملہ آور کو قابو کر لیا تھا۔ ان چار میں سے دو آف ڈیوٹی امریکی فوجی تھے۔ پیر کے روز ان چاروں نے پیرس میں صدر اولانڈ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر اولانڈ نے ان چاروں افراد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سب کے لیے حوصلے اور جرات مندی کی ایک مثال قائم کر دی ہے۔ مسلح حملہ آور کی شناخت 26 سالہ مراکشی شہری ایوب الخزانی کے نام سے کی گئی ہے۔ فرانس کی انسداد دہشت گردی کی پولیس اس ملزم سے پوچھ گچھ میں مصروف ہے۔