لاہور، اسلام آباد(این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے خبردار کیا ہے کہ عوام سڑکوں پر آسکتے ہیں، سری لنکا والے حالات زیادہ دور نہیں۔عمران خان نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ صرف 3 ماہ میں زرداری اورشریف مافیا نے ملک کو سیاسی اور
معاشی طور پر گھٹنوں پر لاکھڑا کیا۔عمران خان نے کہا میں پوچھتا ہوں کہ ریاستی ادارے کب تک غیر قانونی جمع کی گئی دولت بچانے کے لیے اجازت دیتے رہیں گے؟ عوام مافیا کو اپنی لوٹ مار جاری رکھنے نہیں دیں گے، ہم سری لنکا کے حالات سے زیادہ دور نہیں جب عوام سڑکوں پر نکل آئیں گے۔دوسری جانب عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے وزیراعلیٰ پنجاب کے الیکشن میں پی ٹی آئی کی شکست پر کہا ہے کہ سپریم کورٹ آخری امید ہے،اس کے بعد مرکز اور صوبے میں عدم اعتماد لانا ہوگا۔شیخ رشید نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ضمیر کے سوداگر آصف زرداری نے سیاسی اور معاشی بحران خطرناک بنا دیا ہے،لوگوں کو ایسی سیاست سے نفرت ہے جہاں ممبروں کی خرید وفروخت کی منڈی لگتی ہے۔شیخ رشید نے کہا کہ سپریم کورٹ آخری امید ہے،اس کے بعد مرکز اور صوبے میں عدم اعتماد لانا ہوگا۔انہوں نے کاہکہ ڈالر 250کا ہو گیا تو 10 کروڑ پاکستانی غربت کی لپیٹ میں آجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ لاہور میں سارا کام پلاننگ کے تحت ہوا ہے، ان کی جیت بھی انکی ہار ہے۔انہوں نے کہاکہ دوخاندانوں میں لڑائی نواز شریف خاندان کے لیے بھی پیغام ہے۔ انہوں نے کہاکہ اقتدار کے بھوکوں کا جمعہ بازار صرف اپنے کیسوں سے بچنے کے لیے ہے،قوم دیکھ لے کہ نواز شریف اور آصف زرداری ایک ہیں اور فضل الرحمن خانہ جنگی کے بیان دے رہا ہے۔