اسلام آباد (این این آئی)نریندر مودی کی ہندوتوا بھارتی حکومت پاکستان کو بدنام کرنے کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتی ہے۔ اس نے اپنے اس مذموم مقصد کے لیے بھارتی الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے ایک حصے کے ساتھ ساتھ سماجی کارکنوں کے ایک گروہ کی خدمات
بھی حاصل کرلی ہیں۔ باخبر ذرائع نے کشمیر میڈیا سروس کو بتایا کہ ماضی میں دہشت گردی کے متواتر واقعات سے لے کر راجستھان کے ادے پور میں ایک درزی کے قتل تک اور انسانی امداد کے نام پر نام نہاد گندم کی افغانستان منتقلی تک بھارت نے پاکستان کو نقصان پہنچانے اور اسے بدنام کرنے کا کو کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیا۔ ذرائع نے گندم کے کنٹینروں کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان جانتا ہے کہ جب بھی بھارت کو رعایت دی گئی تو اس نے اسکا غلط فائدہ اٹھایا تاہم کسی بھی عدم اعتماد سے بچنے کے لیے اسلام آباد نے ابتدائی طور پر بھارت کو واہگہ بارڈر کے راستے افغانستان کو گندم بھیجنے کا کام پورا کرنے کے لیے ایک ماہ کا وقت دیا۔بھارت مقررہ مدت میں اس کام کو پورا کرنے میں ناکام رہا جبکہ اس نے پاکستان پر الزام لگانا شروع کر دیا کہ اس نے بھارت کی طرف سے افغانستان بھیجی گئی گندم کی ایک بھاری مقدار چوری کی۔ذرائع نے بتایا بعد ازاں پاکستان نے بھارت کو گندم کی کھیپ افغانستان بھیجنے کے لیے دو ماہ کا اضافی وقت دیا لیکن اس نے پاکستان اور افغان بھائیوں کے درمیان غلط فہمی پیدا کرنے کے لیے اس عمل کو دانستہ طور پر سست کر دیا۔